مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاؤس تبدیلی آئے گی اور نہ حکومت ختم ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابھی الیکشن کا وقت ہے نہ ہی تیاریاں کی جارہی ہیں، عام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 2023 کی عوامی عدالت میں اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر جائے گی اور ملک بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں، ماضی میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد اس کا سلسلہ بند ہوگیا، وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاؤس تبدیلی آئیگی نہ حکومت ختم ہوگی، تحریک انصا ف کی جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
آپ کا تبصرہ